سکھر میں خاتون اور بچی سمیت 11 افراد کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، شوہر اور بیٹے نے قتل کا اعتراف کرلیا۔
ایس ایس پی سکھر کے مطابق ملزم وہاب اللّٰہ اور اس کے بیٹے کلیم اللّٰہ نے 11 افراد کو قتل کیا، ملزم کے 4 بیٹے بھی قتل میں ملوث ہیں۔
سکھر پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک ہی وقت میں خاندان کے تمام افراد کو قتل کیا اور معاملے کو زمین کے تنازع پر مخالفین کی کارروائی قرار دینے کا منصوبہ بنایا۔
پولیس کو مرکزی ملزم وہاب اللّٰہ، بڑے بیٹے کلیم اور چھوٹے بیٹے حزب اللّٰہ نے ابتدائی ویڈیو بیان ریکارڈ کرادیے ہیں۔
وہاب اللّٰہ نے پولیس کو بتایا کہ بھائیوں سے جھگڑے اور صدمے کی وجہ سے بیوی اور بیٹی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔
ملزم نے مزید کہا کہ بیوی اور بیٹی کو میں نے اور دیگر 9 افراد کو میرے بیٹے کلیم اللّٰہ نے قتل کیا، اپنے بیان میں کلیم اللّٰہ نے والد کے بیان کی تصدیق کی اور 9 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا۔
ملزم حزب اللّٰہ نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ والد اور بڑے بھائی نے تمام افراد کو قتل کیا، اس وقت ہم 3 بھائی پہرے داری پر تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ والد مجھے بھی قتل کرنا چاہتے تھے، میں نے ساتھ دینے کا کہا تھا تو چھوڑ دیا، قتل کے بعد والد اور ہم چاروں بھائی گھوٹکی چلے گئے۔
ملزم حزب اللّٰہ نے یہ بھی بتایا کہ زمین کے جھگڑے پر مخالفین پر الزام لگانے کے لیے گھر والوں کو قتل کیا۔
ایس ایس پی سکھر کے مطابق تمام ملزمان کے بیانات ریکارڈ کرلیے گئے ہیں جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔