پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سمیت متعدد آزاد امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملتان کے سابق صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے۔
ق لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں این اے 155 ملتان سے آزاد امیدوار ڈاکٹر خالد خان خاکوانی، سابق صدر پی ٹی آئی ملتان، پی پی 126 جھنگ سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر محمد آزاد ناصر، پی پی 71 حافظ آباد سے ٹکٹ ہولڈر تحریک لبیک پاکستان سید شعیب شاہ بخاری اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سیاسی شخصیات ساجد رضا کھیتران اور عابد حسین کھیتران کمالیہ شامل ہیں۔
ان رہنماؤں نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی اور کامل علی آغا سے ملاقات میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ وہ ان شخصیات کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہ مسلم لیگ (ق) سے محبت کرنے والوں کے لیے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ وہ اپنے دوستوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتے۔