اسلام آباد(وقائع نگار) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس مسافروں کے ساتھ دیانتداری ، شائستگی اور فوری مدد کی بنیادی اقدار کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے بہاؤ کو منظم کرنے ، قانون کے یکساں اور منصفانہ نفاذپر یقین رکھتی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنیوالے مسافروں کو کسی بھی مشکل گھڑی میں بروقت اور فوری مدد فراہم کرنا ہے۔ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے ڈیجیٹل کال سنٹر کےموجود ہ سسٹم میں مزید بہتری اوربحالی کا ازسر نو جائزہ لے کر جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ 130ہیلپ لائن اور ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر خودکار اور مزید بہترخصوصیات کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے ریسپانس کا دورانیہ کم ہو کر صرف پانچ منٹ رہ گیا ہے۔