آنجہانی بھارتی فلمی ہیرو سوشانت سنگھ راجپوت کے دوست سیموئل ہاکیپ نے انکشاف کیا ہے کہ سوشانت اور بھارتی اداکارہ سارہ علی خان ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے جبکہ سارہ علی خان نے سوشانت کی فلم فلاپ ہونے پر اُنہیں چھوڑ دیا تھا ۔
بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے بعد آئے دن نئے انکشافات اور الزامات سامنے آ رہے ہیں، حال ہی میں سوشانت سنگھ کے ایک دوست سیموئل ہاکیپ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے دوست سوشات سنگھ سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔
سیموئل ہاکیپ نے سوشانت سنگھ اور اداکارہ سارہ علی خان کی محبت سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے لکھاہے کہ ’سارہ علی خان اور سوشانت سنگھ کو فلم کیدرناتھ کی پروموشن کے دوران ایک دوسرے سے پیار ہو گیا تھا، وہ دونوں ایک دوسرے سے بہت پیار، بے حد احترام اور عزت کرتے تھے، اُن دونوں میں ایسا تعلق تھا جو آج کل کے پیار محبت میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے ۔‘
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ ’ سارہ علی خان کا سوشانت سمیت شوٹنگ پر موجود ہر ایک انسان سے بہت اچھا رویہ ہوتا تھا، جیسے ہی سوشانت کی فلم فلاپ ہوئی سارہ علی خان نے سوشانت سے تعلق توڑ لیا تھا، ہو سکتا ہے کہ سوشانت کی فلم فلاپ ہونے کے بعد اُسے چھوڑنے کے فیصلے میں بھارتی فلم انڈسٹری کی مافیا کا ہاتھ ہو ۔‘
دوسری جانب سیموئل ہاکیپ کی جانب سے کیے گئے انکشافات سے متعلق کنگنا رناوت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ’سوشانت سنگھ راجپوت اور سارہ کے تعلق کی خبریں تو پورے میڈیا میں پھیلی ہوئی تھیں، وہ دونوں آؤٹ ڈور شوٹنگ کے دوران بھی ایک ہی کمر میں رہا کرتے تھے۔‘
کنگنا کا اپنے رد عمل میں مزید کہنا ہے کہ یہ اسٹار کڈز کے لیے معمولی سی بات ہے کہ باہر سے آنے والے فنکاروں کو خواب دکھانا اور پھر اُنہیں سب کے سامنے پھینک دینا، اس میں حیرت کی بات نہیں ہے کہ سوشانت بھی گدھ کی طرح شکنجے میں آ گیا۔‘
واضح رہے کہ سارہ علی خان بھارتی اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امریتا سنگھ کی بیٹی ہیں۔