کوئٹہ میں کورونا کی وبا کے باعث ماند پڑنے والی رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئیں، 4 ماہ سے بند نجی ہوٹلوں کے کھلتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ وہاں کا رخ کرکے باربی کیو اور دیگر کھانوں کے ساتھ ساتھ وہاں کی موسیقی اور ماحول کا لطف اٹھایا۔
کورونا کی وباکے اثرات جہاں مختلف شعبہ زندگی پر پڑے ہیں، وہیں شہریوں کے آپس میں رابطے بھی منجمد ہوکر رہ گئے تھے تاہم اب کورونا کے کیسز میں کمی آتے ہی ایک مرتبہ پھر شہر کی رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئیں۔
گزشتہ شب کوئٹہ اور اس کے اطراف میں رہنے والے شہریوں کی بڑی تعداد مقامی ہوٹل کے باربی کیو گارڈن میں اُمڈ آئی جو کورونا کی وبا کے دوران گزشتہ 4 ماہ سے بند تھا۔
اس موقع پر شہریوں نے کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر حکومتی ہدایات کے مطابق ماسک پہن کر سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے مقامی ہوٹل میں باربی کیو کا لطف اٹھایا۔