وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے خوشخبری سنائی ہے کہ عوام کو جلد بجلی کی مد میں 700 ارب روپے ریلیف ملے گا۔
ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ حکومت نے دو سال انتہائی مشکل سے گزارے ہیں، سابقہ حکومت جاتے ہوئے ملک کو دیوالیہ کرکے گئی ہے۔
غلام سرور خان نے کہا کہ سب کا احتساب ہونا چاہیے ملک میں مافیا کام کررہے ہیں، مافیا کی وجہ سے ملک میں مہنگائی آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 760 جعلی ڈگری رکھنے والے ملازمین کو نوکری سے برخاست کرچکے ہیں، 35 سال سے ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اتنا ظلم ہلاکو اور چنگیز خان نے نہیں کیا جتنا دو جماعتوں نے ملک کے ساتھ کیا، مہنگائی، چینی، اور گندم کے بحران میں کاروباری مافیا کا اہم کردار ہے۔
غلام سرور خان نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں چینی اسمگل کی جاتی اور ذخیر اندوزی کی جاتی ہے۔
انہون نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کا جینا مرنا وہاں ہے جہاں آج وہ بیٹھے ہیں، عوام کو جلد بجلی کی مد میں 700 ارب روپے ریلیف ملے گا۔