کوئٹہ میں مہنگا دودھ فروخت کرنے والے 13 ڈیری فارمز مالکان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ میں دودھ مہنگا بیچنے والوں کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائی شروع کردی ہے۔
انتظامیہ نے کارروائی کے دوران 13 افراد کو گرفتار کرنے کے ساتھ 11 ملک شاپس بھی سیل کردیں۔
ڈیری فارمز مالکان کو متعلقہ تھانوں کے حوالے کردیا گیا، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیے گئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی سیدہ ندا کاظمی نے کہا ہے کہ شہریوں کو گراں فروشوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخ نامے پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ نے یہ بھی کہا کہ شہری بھی ملک شاپس کو زائد رقم ادا نہ کریں۔
انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ گرانفروشی کے مرتکب ڈیری فارمز اور ملک شاپس مالکان کی نشاندہی کریں۔