• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز کے باہر جانے کی حمایت، شیخ رشید کا ہاتھ سب سے پہلے کھڑا ہوا، فوادچوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاس پلی بارگین کا آپشن اب بھی موجود ہے، کابینہ کی اکثریت نے نواز شریف کے باہر جانے کی حمایت کی تھی شیخ رشید کا ہاتھ سب سے پہلے کھڑا ہوا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک پرکرپٹ ٹولہ مسلط ہے اسکا علاج بھی کرواناہے،نوازشریف کوسیاسی بنیادوں پرسزا دی گئی،سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 424ملین ڈالر سرپلس جانا اچھی خبر ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وکیل ہونے کی حیثیت سے جانتا ہوں پاکستان میں میڈیکولیگل رپورٹس کو کس طرح بدلا جاتا ہے، پاکستان میں کرمنل کیسوں میں جعلی رپورٹس بنانا ایک معمول کی بات ہے،۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کے بعد ہمیں فیصلہ قبول کرنا چاہئے۔

نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت کا فیصلہ وزیراعظم یا فوج نے نہیں کابینہ نے کیا تھا، کابینہ کی اکثریت نے نواز شریف کے باہر جانے کی حمایت کی تھی شیخ رشید کا ہاتھ سب سے پہلے کھڑا ہوا تھا، کابینہ کے کچھ اراکین نے نواز شریف کے باہر جانے کی مخالفت کی تھی،نواز شریف کو برطانیہ سے واپس لانا آسان نہیں ہوگا، بانی ایم کیو ایم نے لندن کی سرزمین پر ایک شخص کوقتل کروایاہم اسے واپس نہیں لاسکے۔

نواز شریف پر تو منی لانڈرنگ اور پیسے غصب کرنے کا الزام ہے، نواز شریف کی صحت اچھی ہے تو ان کو خود واپس آنا چاہئے،نواز شریف کے پاس پلی بارگین کا آپشن اب بھی موجود ہے۔

پنجاب حکومت کو وزیراعظم کی ہدایات کا انتظار کرنے کے بجائے خود نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات کرنی چاہئے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک ہے یا نہیں فیصلہ کابینہ یا فواد چوہدری نے نہیں ڈاکٹرز نے کرنا ہے۔

نواز شریف کے معالج ڈاکٹرز فٹ قراردیدیں گے تو وہ واپس آجائیں گے، نواز شریف اپنے وقت پر اپنے فیصلے سے واپس آئیں گے، نواز شریف کو سیاسی بنیادوں پر سزا دی گئی تھی، سابق وزیراعظم کو سزا دلوانے کیلئے جج کو بلیک میل کیا گیا، جج نے عدلیہ اور دوسری طرف بڑی ہستیوں کے نام لیے کہ اسے دونو ں ریفرنس میں 14, 14سال قید دینے کیلئے کہا گیا۔ 

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک علاج کیلئے جانا نواز شریف کا حق تھا جو انہیں دیا گیا، حکومتی وزراء بیانات دینے کے بجائے میڈیکل رپورٹس کی تحقیقات شروع کروائیں، نواز شریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو اٹھا کر نامعلوم مقام پر ان سے تحقیقات کی جاچکی ہیں، نواز شریف کے معاملہ پر حکومت سیاست کررہی ہے۔

حکومت نے 3ہزار ارب کرپشن کا الزام لگایا وہ کہاں ہے، نواز شریف کو منظم سازش کے تحت سزا دی گئی ، عوام کو نواز شریف کا بیانیہ سمجھ آرہا ہے یہی حکومت کیلئے مصیبت ہے، عوام کی نواز شریف کے ساتھ ہمدردی نہ بڑھے تو حکومت کو کوئی پرواہ ہی نہیں ہو۔ 

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہماری دعا اور درخواست ہے کہ نواز شریف جلد از جلد اپنا علاج کرائیں، نواز شریف کو اپنا علاج کروانے کے ساتھ حکومت کا بھی علاج کرنا چاہئے، ملک پر جو کرپٹ ٹولہ مسلط ہے اس کا علاج بھی کروانا ہے، نواز شریف دونوں علاج مکمل کر کے واپس آئیں تو بہتر ہوگا۔ 

سابق وزیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 424ملین ڈالر سرپلس جانا اچھی خبر ہے، ایک سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں ایک ارب ڈالر کی بہتری بہت نمایاں ہے، پچھلے سال کے مقابلہ میں جولائی میں ترسیلات زر میں 36فیصد اضافہ ہوا مگر برآمدات میں 15فیصد کمی آئی ہے۔

 ترسیلات زر میں جن وجوہات کی بناء پر اضافہ ہوا ممکن ہے آئندہ مہینوں میں کمی آجائے، وزیراعظم کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سے بڑھ کر فائنانشل اکاؤنٹ پر بھی توجہ دینی چاہئے۔

پچھلے سال کے مقابلہ میں رواں سال جولائی میں توازن ادائیگی 60فیصد خراب ہوا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں مشکل سے 200ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے، اگلے دو تین مہینے میں معیشت کی صورتحال واضح ہوجائے گی۔

تازہ ترین