• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی والے ہوشیار اور خبردار ہو جائیں کہ آج اور کل شہر میں بادل کھل کر برسیں گے، اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نارتھ کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، لسبیلہ، گارڈن، گرو مندر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، اورنگی ٹاؤن، سائٹ، بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، لیاری، لی مارکیٹ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر، میٹھادر، ٹاور، کیماڑی سمیت شہر بھر میں ہلکی و تیز بارش تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

محکمۂ موسمیات نے شہر کے کچھ علاقوں میں 50 سے 70 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض علاقوں میں 70 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج شہر میں تیز اور متعدل بارش کا امکان ہے۔

ادھر سندھ کے مختلف شہروں میں رات گئے ہونے والی طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔

اسلام کوٹ، مٹھی، نگر پارکر، تھر پارکر، عمر کوٹ، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، خیر پور، لاڑکانہ، سکھر، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ اور دادو میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

موسلا دھار بارش کے باعث حیدر آباد اور کراچی میں اربن فلڈنگ جبکہ تھر پارکر، بدین اور ٹھٹھہ میں نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔

فیڈر ٹرپ کر جانے کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، کپاس سمیت دیگر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

ٹھٹھہ، جھمپیر کے قریب ندی میں تیز بہاؤ کے باعث 2 افراد موٹر سائیکل سمیت بہہ گئے۔

حیدر آباد میں رات بھر ہو نے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، اب تک 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، لطیف آباد قاسم آباد کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

سینکڑوں گھروں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جبکہ شہر کا نکاسیٔ آب کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا، انتظامیہ نے ہاتھ کھڑے کر لیے۔

حیدر آباد میں گزشتہ شام سے شروع ہونے والی طوفانی بارش کا سلسلہ گرچ چمک کے ساتھ مسلسل جاری ہے، جس سے جل تھل ایک ہو کر رک گیا۔

انتظامیہ کے دعوے اور انتظامات 133 ملی میٹر بارش بہا لے گئی، ڈپٹی کمشنر حیدر آباد فواد سومرو کی جنریٹرز کے ذریعے بارش کے پانی کی نکاسی بھی کام نہ آسکی۔

حیسکو کے 200 زائد فیڈرز بند ہونے سے واسا کے پمپنگ اسٹیشن بند ہوگئے، شہر کی شاہراہیں، ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، گھروں میں پانی داخل ہونے کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

شدید موسلا دھار بارشوں کے باعث سرکاری دفاتر اور اسپتالوں میں 3 سے 4 فٹ پانی جمع ہے، نکاسیٔ آب کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا اور انتظامیہ مفلوج ہو گئی۔

ڈپٹی کمشنر فواد سومرو کہتے ہیں کہ حیسکو کی جانب سے بجلی بحال کر دی جائے تو نکاسی کا عمل بہتر طریقے سے کیا جا سکتا ہے۔

حیدر آباد میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، میر پور خاص میں 144 اور بدین میں 87 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث حیسکو ریجن کے ڈیڑھ سو کے قریب فیڈرز ٹرپ کر گئے، حیدر آباد، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈو جام سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

حیسکو حکام کا کہناہے کہ بحالی کا کام جاری ہے، واسا حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے بیشتر پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی دستیاب نہ ہونے کے باعث نکاسیٔ آب میں پریشانی ہے۔

حیدر آباد کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، ضلعی سیکریٹریٹ میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، اس کے علاوہ ٹھنڈی سڑک، گدو چوک، پھلیلی چوک پر بھی بارش کا پانی جمع ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کراچی میں آج کی بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات

ضلع بدین میں کل سہ پہر 3 بجے سے مسلسل پڑنے والی شدید بارش نے جل تھل ایک کر کے رکھ دیا ہے۔

طویل دورانیے کی مسلسل بارش نے نشیبی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ بارش کا پانی مختلف علاقوں میں گھروں میں داخل ہو گیا۔

ضلع بدین کے تمام علاقوں میں گزشتہ سہ پہر سے شروع ہونے والی تیز بارش بغیر کسی وقفے کے رات بھر برستی رہی اور بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

مسلسل تیز بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیئے ہیں، بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ گزشتہ روز 4 بجے سے معطل ہونے والی بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہیں ہوسکی ہے۔

ضلع کی 21 لاکھ سے زائد آبادی کو رات اندھیرے میں جاگ کر گزارنا پڑی، بارش کے سبب دیہی و شہری علاقوں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

ڈگری میں بھی شدید بارش ہوئی، ڈگری کو دیگر اضلاع سے ملانے والے اہم سڑکوں سمیت تمام راستے پانی میں ڈوب گئے۔

میر پور خاص، ٹنڈو محمد خان اور سجاول شہر میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں 4 سے 5 فٹ پانی جمع ہو گیا۔

ٹھٹھہ میں کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہونے کے باعث شہری پریشانی سے دو چار ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین