• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازِ شریف کو واپس لانے کیلئے ہمیں قانونی برتری حاصل نہیں، شیخ رشید


ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کو واپس لانے کے معاملے میں ہمیں قانونی برتری حاصل نہیں، لیکن عمران خان جس کام پر اڑ جاتے ہیں وہ پورا کر کے رہتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ نواز شریف واپس آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بڑا دکھ ہے کہ نواز شریف ان کے ہاتھ سے نکل گئے، ان کی واپسی کا ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، عمران خان کی کوشش ہے کی نواز شریف کو لایا جائے۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس سیریس ہے، دونوں ہی اندر جا سکتے ہیں، اپوزیشن کا بس ایک ہی مطالبہ ہے کہ نیب کو ختم کر دیا جائے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا پر کراچی میں بارش کی صورتِ حال دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، کراچی اور لاہور ڈوبے ہوئے ہیں، لوگ ممبرز کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اسپتال میں جہاں بی بی شہید ہوئیں وہاں 5 سالوں میں ایک روپے کا کام نہیں ہوا، ماں بچہ اسپتال میں 14 آپریشن تھیٹرز کا پلان مانچسٹر سے لایا ہوں۔

وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ایم ایل ون پر بہت توجہ دی، چین کے تعاون سے بین الاقوامی یونیورسٹی بنائیں گے، نالہ لئی کے دونوں اطراف سڑک بنانے کا منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نیب آزادہ ادارہ ہے، کسی کی بھی درخواست پر کارروائی کر سکتا ہے، ریفرنس دائر ہونے تک وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہیں نہیں جا رہے۔

یہ بھی پڑھیئے: بلاول بچہ ہے، ابھی کچا ہے، اسے چھوڑدیں: شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات ناکام تھی، فضل الرحمٰن کو بھی اپوزیشن پر اعتبار نہیں رہا، مولانا نے شہباز شریف سے چبھتے ہوئے سوالات کیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اے پی سی ابھی دور ہے، لوگ اپوزیشن کے پیچھے نہیں نکلیں گے، مولانا کے کہنے پر مدارس کے بچے سڑکوں پر نکلے تو درست نہیں ہو گا۔

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہباز شریف اور نوازشریف دونوں ہی اندر جا سکتے ہیں، ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر اپوزیشن بے نقاب ہوئی ہے۔

تازہ ترین