اسلام آباد(نمائندہ جنگ) مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اورکورونا کے دوران بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں سمیت دیگر اہم سفارتی امور پر وزارت خارجہ نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،ان خیالات کا اظہاروزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے 14ویں اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں خطہ میں امن و امان باالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اس کے اثرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں افغان امن عمل، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور دیگر اہم سفارتی امور کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ عندلیب عباس، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، معروف ماہرین امور خارجہ، سابق سفراء اور اراکین کونسل نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے اراکین کو اپنے حالیہ دورہ چین،چینی ہم منصب سے ملاقات اور افغان امن عمل میں اب تک ہونیوالی مثبت پیشرفت سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5اگست کے یکطرفہ بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر ہم نے پاکستان اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں نے یوم استحصال منایا اور دنیا کی توجہ ایک مرتبہ پھر کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی طرف دلائی۔
وزارت خارجہ نے، وزیر اعظم کی ہدایت پر کورونا وباء کے باعث مختلف ممالک میں پھنسے لاکھوں پاکستانیوں کی واپسی کو یقینی بنایا۔