کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ”جیو پاکستان “میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کا دیرپا امن سیاسی گفت و شنید سے ہی ممکن ہے،سینیٹر فیصل جاوید نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بل پاس ہوجائیں گے لیکن اس سے اپوزیشن کا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ،اپوزیشن کی14 ترامیم کے پیچھے 14چور چھپے ہیں ،بیو رو چیف جیو لاہور رئیس انصاری نے کہا کہ نواز شریف کے میڈیکل رپورٹ میں کوئی گڑ بڑ نہیں ،بیوروچیف جیو کراچی فہیم صدیقی نے کہاکہ سندھ میں بارشیں توقع سے زیادہ ضرور ہوئیں لیکن پہلی بار محکمہ موسمیات کی پیشگوئی 90فیصد درست ثابت ہوئیں اطلاعات کے باوجود کوئی تیاری نظر نہیں آئی ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کا دیرپا امن سیاسی گفت و شنید سے ہی ممکن ہے ، بزور بازو امن لانے کے لئے 41 سال بہت زیادہ ہے جس میں ناکامی ہی ہوئی ہے ،افغان طالبان سے مذاکرات کے لئے امریکا ، روس ، چین ، یورپی یونین کے ممالک ، خطے کے دیگر ممالک متفق ہیں جو خوش آئند اقدام ہے ، وزیر اعظم عمران خان کا بھی شروع سے یہی موقف رہا ہے اسی سلسلے میں انھوں پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبداللہ کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی ہے۔ شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ امریکی انتخابات ان کا اندرونی معاملہ ہے لیکن ا پنی فوج کسی دوسرے ملک میں رکھنا اور ملٹری سولوشن ڈھونڈناکے خلاف رائے قائم ہو چکی ہے ، جنگوں کے منفی اثرات بھی پوری دنیا دیکھ رہی ہے ایسے میں جو بھی اگلی ایڈمنسٹریٹر امریکا میں آئے گی وہ ان کو مد نظر رکھ کر ہی فیصلے کرے گی ۔سینیٹ سے فیٹف قانون مسترد ہونے پر عمران خان برہم ، سینیٹر فیصل جاوید نے بات کرتے ہوئے کہا کہ بل پاس ہوجائیں گے لیکن اس سے اپوزیشن کا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ،اپوزیشن کی14 ترامیم کے پیچھے 14چور چھپے ہیں ، پہلے دن سے ہی یہ این آر او کے لئے بلیک میل کرنا شروع ہو گئے ،جو ان کو کبھی نہیں ملے گا ۔پاکستان خدانخواستہ اگر فیٹف کی بلیک لسٹ میں چلا جاتا ہے اس سے مہنگائی ہو گی ڈالر کی قیمت بڑھے گی ، غریب پسے گا اورایسا چاہتا ہے بھارت ، بھارت چاہتا ہے ن لیگ کے دور کی طرح پاکستان گرے لسٹ سے نہ نکلے ۔ بیو رو چیف لاہور رئیس انصاری نے کہا کہ نواز شریف کے میڈیکل رپورٹ میں کوئی گڑ بڑ نہیں ، میڈیکل بورڈ اس قسم کے سوالات کے لئے تیار تھا ، میڈیکل رپورٹ میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے خود کہا کہ کوئی ڈاکٹر کیس لینے کو تیار نہیں تھا، لندن میں انجیو گرافی کے وقت زائد خون بہہ جانے سے تشویشناک حالت تک پہنچ گئے تھے ۔ نواز شریف کی صحت پر دونوں جانب سے سیاست ہو رہی ہے ، پی ٹی آئی کے لئے اتنا ضرروی ہے تو وہ رسک لیں اور نواز شریف کو واپس لائیں، ایمبسی کا نمائندہ جا کر نواز شریف سے ملے ڈاکٹر سے رائے لے ، لیکن یہ سب حربے صرف ووٹر کو بہلانے اور اٹریکٹ کرنے کے لئے اپنائے جا رہے ہیں۔ سندھ کے کئی شہروں میں بارش سے تباہی ، بیوروچیف کراچی فہیم صدیقی نے کہاکہ سندھ میں بارشیں توقع سے زیادہ ضرور ہوئیں لیکن پہلی بار محکمہ موسمیات کی پیشگوئی 90فیصد درست ثابت ہوئیں اطلاعات کے باوجود کوئی تیاری نظر نہیں آئی ایسا تیرہ سال پہلے 2007میں اور اس سے قبل 1966میں ہوا تھا اتنے برسوں میں شہر کے لئے اگر پلاننگ نہیں کی گئی تو اس سے بڑی غیر ذمہ داری اور کوتاہی کوئی نہیں ہو سکتی ،نالوں کی صفائی ہوئی لیکن جب روز 4 ہزار ٹن کچرہ نالوں میں جائے گا تو ہم خود سمجھ سکتے بارش کا کتنا پانی نالوں میں ڈرین ہو سکتا ہے ، کراچی میں ایک بار میکسیکو کے طرز کا کنکریٹ ڈرین سسٹم بنا دیا جائے تو سیوریج کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں کا حال بھی کراچی سے کچھ مختلف نہیں ۔ بچوں کے تحفظ کے لئے کام کرنی والی تنظیم ساحل نے جنسی تشدد سے متعلق رپورٹ جاری کردی ، تقریباً 6 ماہ میں 1489بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ، سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں رپورٹ ہوئے ، نمائندہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد نے کہا کہ ساحل کی رپورٹ یقیناً تشویشناک ہے پہلے بھی یہ کیسز اسی تعداد میں ہوتے تھے لیکن رپورٹ نہیں کئے جاتے تھے ، تعلیم کی کمی سے اچھے اور برے میں فرق نہ کرنا اس کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔ بہت ساری این جی اوز ایسی بھی ہیں جن کا صرف نام ہے کام کچھ نہیں ، لیکن یہ صرف کسی تنظیم کا کام نہیں ، ہر شخص کا کام ہے ، آگاہی پھیلانے، مجرموں کو سزا دلانے اور ویکٹم کی کونسلنگ کے لئے بھی ہر انسان کواپنا کردار نبھانا ہوگا ۔