محکمۂ موسمیات کی جانب سے کراچی میں مون سون سسٹم کے زیرِ اثر 29 تا 31 اگست گرج چمک کے ساتھ معتدل اور تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون کی مزید ہوائیں 29 اگست کو سندھ کے مشرقی حصے میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے مزید بتایا کہ تھر پارکر، عمر کوٹ اور سانگھڑ میں اس دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان رہے گا۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی سمیت باقی سندھ میں 30 اور 31 اگست کو گرج چمک کے ساتھ معتدل سے تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔
ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی بادل برس رہے ہیں۔
حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بارش کے پانی کی نکاسی جاری ہے، دادو میں سیلاب کے بعد ندی نالوں کی سطح میں کمی آ رہی ہے۔
رابطہ سڑکوں پر آمد و رفت معطل اور صورتِ حال اب تک معمول پر نہیں آ سکی ہے۔
فیصل آباد اور نواب شاہ میں نہروں میں شگاف پڑنے سے فصلیں زیرِآب آ گئیں۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج دوسرے روز بھی بادل جم کر برس رہے ہیں۔
راجن پور، حافظ آباد، نارووال، شکر گڑھ اور گوجرانوالہ میں بارش سے کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا ہے اور بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہے۔
فیصل آباد میں نہر میں 25 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا ہے جس سے 100 ایکڑ سے زائد رقبے پر کاشت فصلیں زیرِ آب آ گئیں۔
حیدر آباد میں بارش کے بعد تیسرے روز بھی مہر علی کالونی میں برساتی پانی موجود ہے۔
قاسم آباد اور ریلوے کالونی میں بھی برساتی پانی کی مکمل نکاسی نہ ہو سکی، لطیف آباد یونٹ نمبر 2 کے بیشتر علاقوں سے پانی کی نکاسی ہو گئی ہے۔
قاسم آباد فیز 2 کے کچھ علاقوں سے بھی برساتی پانی کی نکاسی مکمل نہ ہو سکی۔
ٹھٹھہ شہر اور گرد و نواح میں صبح سے بارش جاری ہے، نشیبی علاقہ زیرِ آب آنے کے بعد کچی آبادی سے مکین خود ہی محفوظ مقام پر منتقل ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: ریلوے نظام معمول پر لانے کیلئے 2 ٹرینیں منسوخ
نواب شاہ میں دوڑ کے قریب سیم نالے کا شگاف پر نہ کیا جا سکا، فصلیں زیرِ آب آ گئی ہیں۔
گوٹھ جعفر مری، کھوتڑی اور درگاہ مٹھو فقیر میں سیلابی پانی داخل ہونے سے علاقہ مکین پریشان ہیں۔
کاچھو کے مختلف ندی نالوں کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، ندی نالوں کا پانی منچھر جھیل میں داخل ہو رہا ہے۔
کاچھو میں سیلاب کے بعد صورتِ حال معمول پر نہ آ سکی، واہی پاندہی، چھنی، ٹنڈو رحیم خان، حاجی خان کا جوہی سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔
نکیال آزاد کشمیر میں بارش کے دوران بچی سمیت 2 افراد برساتی نالوں میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔
ہنزہ شہر اور گرد و نواح میں آج تیسرے روز بھی بارش جاری ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔