کراچی کے کئی علاقوں سے کل کی بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی تاحال نہیں نکالا جاسکا ہے، آئی آئی چندریگر روڈ کا برا حال ہے، جہاں اب بھی کئی کئی فٹ پانی موجود ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ وہ شاہراہ ہے جہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج، اسٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں کے صدر دفاتر واقع ہیں، مگر 24 گھنٹے بعد بھی ان اہم عمارتوں کے باہر کئی کئی فٹ پانی جمع ہے۔
شہر کے بیشتر انڈر پاسز اب بھی بند ہیں، ڈیفنس، کلفٹن جیسے پوش علاقوں میں بھی پانی ہی پانی ہے۔
بارش کے بعد نیا ناظم آباد میں سب سے زیادہ خراب صورتحال ہے، جہاں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔
گزشتہ روز بارشوں کے بعد کراچی کے تمام انڈر پاسز میں پانی بھر گیا تھا، ڈرگ روڈ انڈر پاس پر پاک فوج کی جانب سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔