• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکلاء مسائل کے حل کے لئے عدالت عالیہ کے ججز پر مشتمل کمیٹی تشکیل

اسلام آباد (خبر نگار) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ محمد انور خان کاسی نے وکلاءکے مسائل کے حل کے لئے عدالت عالیہ کے ججز پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے اور کہا ہے کہ جلد ہی ایک اجلاس بلایا جائے گا جس میں وزارت قانون ،وزارت خزانہ ،چیف کمشنر آفس اور سی ڈی اے کے متعلقہ افسران سے مشاورت کر کے وکلاءکے مسائل کو جلد سے جلد حل کی جائے گا۔ دو رکنی ججز کمیٹی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی شامل ہیں۔ چیف جسٹس نے ججز کمیٹی کو وکلاءکے مسائل کا جائزہ لے کر جلد سے جلد سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں وفد نے چیف جسٹس سے ملاقات کی اور انہیں وکلاءکے مسائل سے آگاہ کیا۔ وکلاءوفد نے چیف جسٹس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سیکورٹی صورتحال بہتر بنانے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی عمارت کو جلد از جلد مکمل کرنے ،وکلاءچیمبرز کی تعمیر ، سرکاری ہسپتالوں میں وکلاءکو مفت علاج معالجے کی سہولت فراہمی ، سی ڈی اے کے سیکٹرز میں وکلاءکے لئے کوٹہ مختص کرنے ، سنگل اور ڈویژن بنچوں کے اوقات کار فکس کرنے اور نئی دائر ہونیوالی پیٹیشنز پر بے جا اعتراضات جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلاءکے مسائل حل کرنے کے لئے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ججز کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی جلد از جلد وکلاءکے مسائل کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے۔ صدر بار طارق محمود جہانگیری کے مطابق چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے کہا کہ جلد ہی ایک اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں وزارت قانون ، وزارت خزانہ ، چیف کمشنر آفس اور سی ڈی اے کے متعلقہ افسران سے مشاورت کے بعد وکلاءکے مسائل حل کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران ججز کمیٹی کے رکن جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیا نی بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس نے وفد کو وکلاءکے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
تازہ ترین