کراچی / لاہور،قصور،اسلام آباد (جنگ نیوز / نمائندہ جنگ،اے پی پی)ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اندرون شہر موچی گیٹ کی نثار حویلی سے رات گئے برآمد ہو گیا جلوس اپنے قدیمی اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر احتتام پذیر ہوگا جس کے بعد شام غریباں بپا ہوگی مرکزی جلوس کے راستہ میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کیئے گئے ہیں جلوس کی ہیلی کاپٹر سے نگرانی بھی جاری ہے جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے اور رضاکار سیکورٹی کے انتطامات سنبھالے ہوئے ہیں جلوس کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا جبکہ شرکا کو سخت ترین چیکنگ کے بعد جلوس میں شرکت کی اجازت دی گئی جلوس کے روائیتی روٹ پر موبائل سروس بھی بند ہے ہزاروں عزادار جلوس میں شامل ہیں عزا دار ماتم اور زنجیر زنی کر رہے ہین جبکہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جا رہا ہے یوم عاشور کی مناسبت سے نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے ضلعی انتظامیہ لاہورنےگزشتہ روز یوم عاشور کے موقع پر انتظامات کو حتمی شکل دی، مرکزی جلوس کے روٹ پر تین عارضی ہسپتال قائم کیئے گئے ۔ سول ڈیفنس کے 200 ملازمین سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں، بم ڈسپوزل سکواڈ بھی جلوس کے روٹ پر سوئپنگ کررہا ہے کمشنر لاہور ڈویژن ذوالفقار گھمن کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ڈبل سواری پر پابندی، بڑے جلوسوں کے روٹس پر موبائل سروس بند رہے گی۔ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے بتایا کہ کنٹرول روم 4سو کیمروں اور الائیڈ محکموں کی معاونت سے فعال ہوچکا ہے۔ قصور میں بھی یوم عاشوربڑے عقیدت و احترام اورسخت سیکیورٹی کے حصار میں منایا جا رہا ہے۔آج دس ویں محرم (یوم عاشور)کے موقع پر قصور سمیت ضلع بھرمیں 29چھوٹے بڑے جلوس جبکہ 21مجالس کی محافل منعقد ہوگئیں اور قصور کا مرکزی جلوس امام بارہ گاہ سعادات منزل سے برآمد ہوکر بلدیہ چوک،نور مسجد اور للیانی اڈہ سے ہوتا ہوا حسینیہ امام بارہ گاہ شام کے وقت اختتام پزیر ہوگا، گزشتہ روزنویں محرم الحرام کے سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت میں شبیہ ذوالجناح کے 79جلوس نکالے گئے جبکہ 378مقامات پر مجالس عزا کا انعقاد کیاگیا۔ نومحرم کوشبیہ ذولجناح کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی۔مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ سے روانہ ہوکر اپنے روٹ سے گزرتا ہوا،رات12بجے واپس پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ دوران جلوس عزاداروں نے نماز ظہرین، عصرین اور نماز مغربین روٹ کے مختلف مقامات پر ادا کی۔اس مرکزی جلوس کے علاوہ نویں محرم الحرام کے دیگر جلوس کیولری گراونڈ، شادمان،شاہدرہ،نکلسن روڈسمیت شہر کے دیگر علاقوں سے برآمد ہوئے ۔ دریں اثناء نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے عوام سے محرم کے دوران کورونا وائرس ایس او پیز کی تعمیل کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔