• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہراہ قراقرم، سرنگ میں دراڑیں، منہدم ہونے کا خدشہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ شاہراہ قراقرم پر بنائی گئی سرنگ میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور اگر اس کی بروقت مرمت نہ کی گئی تو وہ منہدم ہو سکتی ہے، شدید سیلاب اور طوفانی بارشوں کے بعد ضلع دیامر میں ٹاٹا پانی اور لال پری کے علاقوں کے قریب شاہراہ قراقرم بلاک ہو گئی ہے، طوفانی بارش نے وہاں کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی تباہ کردیا ہے،انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مذکورہ علاقے میں عوام اور بنیادی انفرااسٹرکچر کو بچانے کے لئے این ڈی ایم اے سمیت دیگر امدادی و بحالی کے اداروں کو فعال بنائے۔ ایک بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مواصلات کی خرابی کے باعث میڈیا کو نقصانات رپورٹ کرنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، سیلاب اور اس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں چلاس سمیت گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں میں جانی نقصان ہوا ہے جن میں سیاح بھی شامل ہیں، پی پی پی چیئرمین نے وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ حکومتِ گلگت بلتستان پر بھی زور دیا کہ وہ شہریوں کی امداد کے لئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ان کی جماعت حکومت کو شہریوں کو درپیش مشکلات سے صرفِ نظر کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں و کارکنان کو بھی ہدایت دیں کہ وہ ہر ضلع میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لیئے اپنا کردار ادا کریں۔
تازہ ترین