حیدر علی کی ڈیبیو پر ففٹی نے دنیا بھر سے کرکٹرز کو تعریف پر مجبور کردیا۔ مائیکل وان اور ٹام موڈی نے سوشل میڈیا پر نوجوان بیٹسمین کی تعریف میں ٹوئٹس کیں۔ خواتین کرکٹرز بھی حیدر علی کی فین ہوگئیں۔
نوجوان حیدر علی نے انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹی ٹوینٹی میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور نصف سنچری بنا کر ریکارڈ بنادیا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی بن گئےہیں۔
حیدر علی کی پہلے ہی میچ میں شاندار اور بے خوف بیٹنگ نے دنیا بھر کی توجہ اپنی طرف کرادی۔ ڈین جونز نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ انہوں نے حیدر علی کو پہلی بار انڈر 19 ورلڈ کپ میں دیکھا تھا، وہ ایک اسپیشل ٹیلنٹ ہیں ،آج حیدر کو انٹرنیشنل ڈیبیو میچ کھیلتا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان نے کہا کہ حیدر علی کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ پاکستان کو ایک اچھا پلیئر مل گیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ حیدر علی کی صورت میں پاکستان کو بہترین بیٹسمین مل گیا۔
پاکستان ویمن ٹیم کی پلیئر جویریہ خان نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ حیدر علی نے شاندار اور نڈر اننگز کھیلی جبکہ ندا ڈار کہتی ہیں کہ حیدر علی کی صورت میں پاکستان ٹیم کو ایک زبردست ٹیلنٹ مل گیا۔
انگلینڈ کی سابق خاتون کھلاڑی ایسا گویا نے لکھا کہ حیدر علی ایک زبردست ٹیلنٹ ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں حیدر علی نے 33 بالز پر 54 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ حیدر علی کی اس ڈیبیو اننگ میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔