• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز متحرک، اے پی سی کے انعقاد کا اعلان 72 گھنٹوں میں متوقع

اسلام آباد(ایوب ناصر) معلوم ہوا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا اعلان آئندہ 72 گھنٹوں میں متوقع ہے،تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، مریم نواز کا متحرک ہونا‘ شہباز شریف کی کراچی میں زرداری اور بلاول سے ملاقات اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رہبرکمیٹی اجلاس سے قبل نواز شریف اورمولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ متوقع ہے جس میں اے پی سی کے جلد انعقاد کا اعلان کر دیاجائیگا جو رواں ہفتہ کے آخر یا اگلے ہفتے ہوگی‘مریم نوازنے منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی سمیت دیگر کئی اہم ملاقاتیں اور رابطے کئے ہیں‘ طویل خاموشی کے بعد انہوں نے میڈیا سے دو مرتبہ جارحانہ گفتگو کی۔

مریم اورنگزیب کے فلیٹ پر ظہرانہ کے موقع پر انہوں نےشاہد خاقان عباسی‘ احسن اقبال‘ پرویز رشید سے بھی ملاقات کی‘ عدالتی کارروائی پر تبادلہ خیال کیا اور آئندہ پیشی کی حکمت عملی پر مشاورت کی‘ مریم نواز نے ٹیلی فون پر لندن میں موجود اپنے والدنواز شریف کو عدالتی کارروائی سے لفظ با لفظ آگاہ کیا اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد بارے ہدایات لیں۔

بعد ازاں اسلام آباد‘ راولپنڈی سے پارٹی عہدیداروں ‘ملک ابرار احمد اور انجم عقیل سے ملاقات کی اور جڑواں شہروں کی سیاسی صورتحال معلوم کی، مریم نواز ظہرانہ ملاقاتوں کے بعد مری روانہ ہوگئیں جہاں جمعرات تک ان کا قیام متوقع ہے اس دوران سیاسی سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔

تازہ ترین