• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلڈ پریشر کنٹرول رکھنے کے 5 طریقے

غیر متوازن بلڈ پریشر انسانی صحت کے لیے متعدد مشکلات کا سبب بنتا ہے، لہٰذا اسے نظر انداز کرنے کے بجائے عادت میں چند تبدیلیاں لا کر فشار خون کو کافی حد تک متوازن سطح پر لایا جا سکتا ہے ۔

طبی ماہرین کے مطابق انسان فشار خون یعنی ہائی بلڈ پریشر کا شکار کسی بھی عمر میں ہو سکتا ہے، ہائی بلڈ پریشر ایک خاموش بیماری ہے جس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، فشار خون پر نظر رکھنا ضروری ہے جبکہ اسے نظر انداز کرنے کے نتیجے میں دل اور مجموعی صحت سے متعلق سنگین نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

ماہرین کے مطابق اس بیماری کے مریض اپنی عادات اور غذا میں چند تبدیلیاں لا کر اس کے نقصانات سے چھٹکارہ حاصل کر سکتے ہیں اور خون کی ترسیل کی سطح متوازن بنا سکتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح اُٹھنے کے بعد کی عادات میں مثبت تبدیلیاں لا کر بلڈ پریشر متوازن رکھا جا سکتا ہے ۔

ہائپر ٹینشن، ہائی بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے کے لیے صبح کا آغاز کیسے کیا جائے ؟

دن کا آغاز ورزش سے کریں

طبی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ ہائی بلڈ پریشر اور ہائپر ٹینشن کے مریضوں کو اپنی صبح کا آغاز ورزش سے کرنا چاہیے، روزانہ کی بنیاد پر ورزش کرنے سے بلڈ پریشر متوازن رہتا ہے، روزانہ صبح آدھا گھنٹہ چہل قدمی، جاگنگ، تیراکی اور سائیکلنگ کی جا سکتی ہے، اس عادت سے نا صرف بلڈ پریشر متوازن رہے گا بلکہ وزن میں کمی بھی آئے گی جس سے مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

صحت بخش ناشتہ

طبی و غذائی ماہرین دن کے تین کھانوں میں سے ناشتے کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں، ناشتے کے لیے فائبر اور پروٹین سے بھر پور غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیے، فائبر اور پروٹین کےاستعمال سے کافی گھنٹوں تک بھوک کا احساس نہیں ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وزن کم اور بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے۔

ناشتے میں کیفین کا استعمال ترک کر دیں

اگر آپ اُٹھتے ہی چائے ، کافی یا کسی بھی قسم کے کیفین والے مشروب کا استعمال کرتے ہیں تو اس عادت کو آج ہی ترک کر دی ، کیفین کا استعمال بلڈ پریشر اور ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے مضر صحت قرار دیا جاتا ہے، کیفین والے مشروبات کی جگہ کسی ہربل چائے کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

یوگا

خود کو پورے دن کے لیے پر سکون رکھنے کے لیے صبح اٹھنے کے بعد یوگا کرنا بہترین آپشن ہے، بلڈ پریشر کے بڑھنے کی وجہ آپ کا ذہنی دباؤ کا شکار ہونا بھی ہو سکتا ہے، بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے خود کو پر سکون رکھیں۔

بلڈپریشر کا باقاعدگی سے معائنہ کریں

طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ بلڈ پریشر کے مریضوں کو باقاعدگی سے اپنا معائنہ کرتے رہنا چاہیے تاکہ بڑی مشکل سے بچا جا سکے ، روزانہ کی بنیاد پر بلڈ پریشر کی ریڈنگ لیں اور اپنے معالج سے رابطہ رکھیں ۔

تازہ ترین