سوات (نمائندہ جنگ) پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بنچ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل ڈویژن بنچ نے جماعت پنجم کی انگریزی کی کتاب کی چھپائی، شائع اور تقسیم کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی۔ بونیر بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے وکیل صابر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ کتاب میں پبلشرز نے ایک مضمون میں پختونوں اور بونیر کے لوگوں کے بارے میں ”سات بے وقوف“ کے نام سے ایک افسانوی مضمون شائع کیا تھا، جس سے بونیر کے لوگوں اور پختونوں کی تذلیل کی گئی ہے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے کتاب پر پابندی لگاتے ہوئے پبلشرز اور فریقین کو طلب کرنے کے لئے نوٹس جاری کر دیئے۔