وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا میں چیئرمین پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے عہدے پر کام کرتا رہوں گا۔
انھوں نے کہا کہ میں کل اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو پیش کروں اور ان سے درخواست کروں گا کہ معاون خصوصی کے عہدے سے سبکدوش کردیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میری توجہ ایک جانب ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لیفٹننٹ جنرل (ر) نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی تھی اور اسے حوالے سے چار صفحات پر مشتمل تردیدی بیان جاری کیا۔
اپنے وضاحتی بیان میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ میں نے عزت اور وقار کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ہے اور کرتا رہوں گا۔
عاصم سلیم باجوہ نے موقف اپنایا کہ جھوٹی خبر چلانے کا مقصد میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔