• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت کا رنویر سنگھ اور رنبیر کپور پر منشیات کے استعمال کا الزام

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے اداکار رنویر سنگھ اور رنبیر کپور پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ منشیات کا استعمال کرتے ہیں، اس کے ساتھ ہی اداکارہ نے انہیں جواب دینے کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سے اسکینڈل میں گھرے رہنے والی اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’میں رنویر سنگھ، رنبیر کپور، ایان مکرجی اور وکی کوشک سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ منشیات کے ٹیسٹ کے لیے اپنے خون کے نمونے دیں۔ ‘اداکارہ نے لکھا کہ ’افواہیں گردش کررہی ہیں کہ یہ چاروں کوکین کے عادی ہیں جبکہ میں چاہتی ہوں کہ یہ چاروں ٹسیٹ کروا کر اپنی صاف رپورٹ پیش کرکے ان افواہوں کی تردید کریں۔‘سشانت خودکشی کیس میں منشیات استعمال کرنے کا زاویہ سامنے آنے کے بعد اداکارہ کنگنا رناوت نے اس سے متعلق دیگر بولی ووڈ اسٹارز کے اہم راز بھی افشاں کیے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت کی گرل فرینڈ اور اداکارہ ریا چکرورتی جنہیں سشانت کی موت کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے اُن کے دھماکا خیز انٹرویو کے بعد کنگنا نے بولی وڈ انڈسٹری میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے بات کی ہے۔اداکارہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بولی وڈ میں ایسے کئی اداکار دیکھے ہیں جو نشہ کرتے ہیں۔ ایک بھارتی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے بتایا کہ میری عمر کے کئی اداکار اکیلے نشہ کرتے ہیں اور یہی وہ لوگ ہیں جو منشیات فروش ہیں اور سب کچھ منظم طریقے سے سنبھال رہے ہیں۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ناصرف اداکار بلکہ ساتھ ہی اُن کی بیویاں بھی اس قسم کی پارٹیز کی میزبانی کرتی ہیں۔

تازہ ترین