کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور انکی ٹیم اپنے سب وسائل عوام کیلئے استعمال کریگی۔ یہ بات انہوں نے ملیر میں برسات سے متاثر سموں گوٹھ کے دورہ کے موقع پر متاثرین سے خطاب میں کہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کوملیر میں برسات سے متاثر سموں گوٹھ کا دورہ کیا۔ وزیراعلی سیدمراد علی شاہ،نثار کھوڑو، راشد ربانی، وقار مہدی، ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضی وہاب و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔بلاول بھٹو زرداری کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے ہزاروں افراد جمع ہوگئے،بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی پر شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،ملیر پہنچنے پر ہزاروں افراد نے ان کا استقبال کیااور انکے حق میں نعرے لگائے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے عوام اور متاثرین برسات سے مختصر خطاب بھی کیا۔