یومِ دفاعِ پاکستان کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں واقع یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلام پیش کیا۔
اس سے قبل یومِ دفاعِ پاکستان کے حوالے سے کراچی میں بانیٔ پاکستان، بابائے قوم، قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر تبدیلیٔ گارڈز کی پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا۔
پاک فضائیہ اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، فرائض سنبھالنے والے گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔
مہمانِ خصوصی ایئروائس مارشل شکیل غضنفر نے مزارِ قائد پر پھول رکھے، انہوں نے مزارِ قائدِ اعظم پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیئے۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شکیل غضنفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 6 ستمبر دفاعِ پاکستان پر تبدیلی گاڈز پر پی اے ایف اکیڈمی کا سر فخر سے اونچا ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کی جنگ کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ہماری قومی سلامتی کو سب سے بڑا مسئلہ 6 ستمبر کو ہوا، ہمارا مقابلہ ایک ایسے دشمن سے تھا جو ہم سے چار گنا بڑا تھا، ہماری قوم اور افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھارتی ٹینکس کو نیست و نابود کر دیا۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
6 ستمبر ہمیں عظیم الشان فتح کی یاد دلاتا ہے: سراج الحق
یومِ دفاع دشمن کیخلاف ایک ہونے کا دن ہے: شہباز شریف
آج قومی سطح پر شُکرانے کا دن ہے: اختر ملک
شاہد آفریدی کا یومِ دفاع پر پیغام
ایئر وائس مارشل شکیل غضنفر نے کہا کہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے دشمن کے ٹھکانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا، آپریشن راہِ نجات و ردالفساد کی کامیابیاں قوم کے سامنے ہیں، پاکستان کی فضائی سرحدیں ناقابلِ تسخیر ہیں، پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019ء کو بھارت کو بھر پور جواب دیا، ہماری قوم کو 1965ء کی جنگ اور حالیہ آپریشن پر فخر ہے، دشمن کے عزائم کو بھرپور طریقے سے جواب دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔
لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔
ڈی جی رینجرز میجر جنرل عامر مجید تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے مزارِ اقبال پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔