مشیر وزیراعلیٰ پنجاب آصف محمود کی جانب سے جڑواں شہروں (راولپنڈی، اسلام آباد) میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کردیا گیا ہے ۔
حکومت پنجاب نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو یوم دفاع کا تحفہ دیتے ہوئے جڑواں شہروں کی سڑکوں پر تقریباً 55 سال بعد ڈبل ڈیکر بسوں کی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
بس میں سواری کے لیے ٹکٹ 400 روپے جبکہ 4 سال سے کم عمر بچوں اور 65 سال سے زائد عمر شہریوں کے لیے سواری فری ہوگی۔
افتتاحی سواری وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر آصف محمود نے اسپیشل بچوں کے ہمراہ کی۔
اس موقع پر آصف محمود کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کے موقع پر منصوبے کو شروع کرکے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے ڈبل ڈیکر بس سروس سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل ڈیکر سروس کا مقصد جڑواں شہروں میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔