وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فاطمہ جناح ٹاؤن ملتان میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔
افتتاح کے موقع پر خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نئے گرڈ اسٹیشن سے 40 ہزار نئے گھریلو کنکشن، 5 ہزار کمرشل، 5 سو انڈسٹریل کنکشن مل سکیں گے، نئے گرڈ اسٹیشن سے 14 فیڈر بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بجلی کے لیے لگائے گئے پلانٹس سے مہنگی بجلی ملی، ہم ملک میں پن بجلی پیدا کرسکتے ہیں جو دیگر ذرائع سے حاصل بجلی سے سستی ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جنرل ایوب خان کے دور کے بعد کسی بڑے ڈیم کے منصوبے پر کام نہیں ہوا، پچھلی حکومت دیامربھاشا ڈیم کی بات کرتی رہی لیکن عملی کام نہیں ہوسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ منصوبے قوم اور آئندہ نسل کے لیے تشکیل دیے جاتے ہیں، آج نئے ڈیموں پر کام شروع ہوچکا ہے، جب یہ ڈیم مکمل ہوں گے تو قوم کو سستی بجلی ملے گی اور پانی بھی ذخیرہ ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ دیامربھاشا ڈیم کا منصوبہ 7 سال میں مکمل ہوگا، اس کی تکمیل کے بعد جو بھی حکومت ہوگی وہ لوگوں کو بہتر سہولتیں دے سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ نے ہمیں لاکھوں ایکڑ زرعی زمین دی ہے، جو غیرآباد ہے، پانی دستیاب ہو تو بلوچستان کی زمین بہترین ہے، صرف پانی نہ ہونےکی منصوبہ بندی اور بروقت سرمایہ کاری نہ ہونے سے ہمیں نقصان ہوا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تعمیراتی صنعت کے لیے وزیراعظم عمران خان نے تاریخی پیکیج دیا ہے، جس سے کنسٹریکشن سے جڑی ہوئی دیگر صنعتوں کو بھی فائدہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی پی پیز سے بات چیت کرکے سستی بجلی کا کہا ہے، ان سے معاہدوں کو ازسر نو ترتیب دے رہے ہیں۔