پشاور(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے ملک میں نفاذ شریعت ، تحفظ ختم نبوتؐ اور ناموس رسالت ؐ کیلئے12ربیع الاول سے’’ نظام مصطفیٰ‘‘ تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریعت محمدیؐ کے نفاذ کے بغیر پاکستان کی حفاظت کا کوئی راستہ نہیں، موجودہ حکمران چور اور کرپٹ، ان کا ریاست مدینہ کا وعدہ جھوٹ تھا، چوروں کے ذریعے ملک سے چوری کا نظام ختم نہیں ہوسکتا، یحییٰ خان کے دور میں مشرقی پاکستان بنگلہ دیشن بنا جبکہ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر کا سوا دکیا ،ہماری عدالتیں بھی اندھی اور ان کے دروازوں پر تالے پڑے ہیں، تحریک انصاف، لیگ ن اور پیپلز پارٹی مسلط شدہ اور سٹیٹس کو کے لوگ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب پشاور کے خیبر بازار میں ’’ تحفظ ختم نبوتؐ ‘‘ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سراج الحق نے کہاکہ قیام پاکستان کے73 سال بعد بھی ہم تحفظ ختم نبوتؐ کے نام پر جدوجہد پر مجبورہیں، اسلام کے نام پر قائم ملک میں شان صحابہؓ محفوظ ہے نہ نبی مہربانؐ کی عزت و ناموس کو تحفظ حاصل ہے، آج73سال بعد ہمارے ملک کے حساس مقامات پر اسلام کے دشمن قادیانی موجود ہیں، ہمارے تمام حکمران عالمی سامراجی قوتوں کی خوشنودی اور ڈالروں کے حصول کیلئے قادیانیوں کو نوازتے اور انہیں سپورٹ کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ دشمن میں چاروں طرف سے ہم پر قبضہ کیا ہے، ہماری قیادت، نصاب تعلیم پر ان کا قبضہ ہے، ہماری قیادت کا انتخاب بھی سامراجی قوتیں کرتی ہیں، کیا اب بھی وقت نہیں آیا کہ ہم پہلے انفرادی زندگی میں شریعت پر عمل کریں اور پھر پاکستان اور پوری دنیا میں اس کو نافذ کرنے کیلئے جدوجہد کریں؟ہمارے حکمران دھوکہ اور فراڈ کو یوٹرن کہتے ہیں، موجودہ حکومت کی ریاست مدینہ کے قیام اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سمیت ہر وعدہ جھوٹ تھا۔