کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشتگردوں کا راج ختم ہوچکا کسی کا گھر نہیں گرائیں گے جب تک متاثرین کو متبادل گھر فراہم نہیں کرتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے اضلاع وسطی و غربی میں بارش متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کارکنوں و شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جیالوں و شہریوں کی جانب سے پارٹی چیئرمین کا جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا، اُن کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کئے گئے اور جیئے بھٹو کے نعرے لگائے۔ بلاول بھٹو زرداری ناظم آباد، ناگن چورنگی، نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن سے ہوتے ہوئے یوسف گوٹھ پہنچے۔ کے ڈی اے چورنگی اور یوسف گوٹھ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کو اب جیالے چلائیں گے اور شہر کے بنیادی مسائل حل کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائین کی وجہ سے ڈرینج کا سسٹم بری طرح متاثر ہوا ہے جسے ٹھیک کرنا ہے۔