تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب جان لیں، اس پیکیج میں ان کی حکومت کا کردار صرف چوکیدار کا ہے۔
ایک بیان میں خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان (کے ٹی پی) میں وفاق 62 اور سندھ 38 فیصد رقم خرچ کرے گا، اس معاملے پر پیپلز پارٹی عوام کو گمراہ کرنے کی سازش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنے چیئرمین اور ترجمانوں کی بھی تھوڑی اخلاقی تربیت کریں اور کے ٹی پی کے معاملے پر انہیں بریفننگ دیں۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے ترجمان ایڈمنسٹریٹر کراچی نہ بننے کا غصہ کے ٹی پی پر نہ اتاریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی اتنی ہی چیمپئن ہے تو بتائے کہ 12سال میں کراچی کی ترقی کے لیے کیا کیا؟ وزیراعظم کے کراچی پیکیج کے تحت شہر قائد کی روشنیاں بحال ہوں گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی پر عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔