• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میں 40 کروڑ روپے کی لاگت سے 139 ترقیاتی سکیمیں مکمل

ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈویژن بھر میں میونسپل سروسز فیز1 پروگرام جاری ہے جبکہ فیز 2 کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔فیز ون کی تمام سکیمیں رواں ماہ مکمل کرکے تمام منصوبوں کا تکمیلی سرٹیفکیٹ کمشنر آفس جمع کروایا جائے۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے میونسپل سروسز پروگرام بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے کہا کہ میونسپل سروسز پروگرام کے تحت سڑکوں، گٹروں کی مرمت،سٹریٹ لائٹس فعال،واٹر پیوریفکیشن پلانٹس فنکشنل کئے جائیں گے۔ ڈویژن بھر کی صفائی کی حالت بہتر بنائی جاسکے گی اور سیوریج وغیرہ کا کام کیا جاسکے گا۔پروگرام میں کوئی نئی سکیم شامل نہیں ہوگی اور صرف مرمتی کام کیا جائے گا۔ اس بارے بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملتان ڈویژن وقاص خان خاکوانی نے بتایا کہ ضلع ملتان میں 40 کروڑ کی لاگت سے 139 سکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں جبکہ ضلع خانیوال میں 29 کروڑ کی لاگت سے 190 سکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں۔ضلع وہاڑی میں 17 کروڑ کی لاگت سے 94 سکیمیں مکمل جبکہ ضلع لودھراں میں 17 کروڑ کی لاگت سے 193 سکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ،میٹروپولیٹن کارپوریشن ،میونسپل کارپوریشن،تحصیل کونسل کے افسران بھی موجود تھے۔
تازہ ترین