چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تقریباً 22.8 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ خواندگی پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ان ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں سب سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شرحِ خواندگی میں اضافے کے لیے اجتماعی ذمہ داری و کوششوں کی ضرورت ہے، لمحہ فکریہ ہے کہ اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہربچے کا بنیادی حق ہے، جو قومیں یہ حق دینے میں ناکام ہوتی ہیں اُنہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے، صحت مند و تعلیم یافتہ نسل کی پرورش ہی ایک خوشحال ملک کی ضمانت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خواندگی اورتعلیم کی بہتری کے لیے جدوجہد کی ہے، اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کو پاکستان میں سب سے زیادہ تعلیمی ادارے قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آمرانہ حکومتوں کے دوران تعلیمی سرگرمیوں کو بہت زیادہ نقصان اُٹھانا پڑا، آمریتوں کے دوران کٹھ پتلیوں کی حمایت کے لیے گھوسٹ اسکول عمارتوں کو بطور سیاسی رشوت متعارف کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبائی بجٹ کا ایک چوتھائی سے زیادہ حصہ تعلیم کے لیے مختص کیا ہے، اس کے علاوہ سندھ میں بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کے لیے مختلف پروگرام بنائے جارہے ہیں۔