ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ عوام اور بیورو کریسی وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پر عدم اعتماد کرچکے، اب وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو استعفیٰ دے کر گھر چلے جانا چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئی جی کاعثمان بزدار کے ساتھ کام سے انکار کرنا وزیراعظم کی گورننس فیلیئر کا منہ بولتا ثبوت ہے، آئی جی پنجاب کا بیان ”صاف چلی، شفاف چلی“ کے منہ پر طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کا کہنا کہ ’مس کنڈکٹ کے ایشوز ہیں‘ انتہائی تشویشناک امر ہے، آئی جی پنجاب کے بیان کا مطلب ہے کہ کرپشن، نااہلی، نالائقی اور اقربا پروری کا دور دورہ ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئی جی پنجاب کا وزیراعلیٰ پنجاب پر عدم اعتماد گورننس کی تباہی کا مظہر ہے، یہ ثبوت ہے کہ حکمران اداروں کو سیاست کے لیے استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نےمزید کہا کہ 2 سال سے ہم خبرداراور نشاندہی کررہے ہیں کہ اداروں میں مداخلت کی جارہی ہے، حکمرانوں کوکم ازکم اس کرسی کا ہی کچھ احترام کرنا چاہیےجس پروہ مسلط ہیں۔