• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سشانت کو منشیات دینے کا معاملہ، ریا چکرورتی جیل منتقل

آنجہانی سشانت سنگھ راجپوت کو منشیات فراہمی کے معاملے میں اداکارہ ریا چکرورتی کو جیل منتقل کردیا گیا۔

بھارت میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ریا چکرورتی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریا کے بھائی شووک چکرورتی، سشانت کے سابقہ مینیجر سیمیول مِرانڈا سمیت دیگر گرفتار افراد کو میڈیکل کے لیے لے جایا گیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) میڈیکل ٹیسٹ کے بعد عدالت میں پیش کرے گی۔

ریا چکرورتی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کو درخواست ضمانت جمع کروائی جو مسترد ہوگئی، تاہم اب ان کے وکیل ضمانت کے لیے سیشن عدالت جائیں گے۔

واضح رہے کہ سوشانت کی خودکشی کے کیس میں منشیات سے متعلق الزامات پر این سی بی کی ریا چکرورتی سے پوچھ گچھ جاری تھی۔

بیورو نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس اداکارہ کے خلاف ثبوت موجود ہیں۔

واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت 13 جون کو ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔

سوشانت کی خودکشی کے معاملے میں پولیس نے آنجہانی اداکار کے رشتہ داروں، دوستوں اور پڑوسیوں سے اور آخری لمحات میں ان کے ساتھ رہنے والوں سے پوچھ گچھ کی۔

پولیس کی اس تفتیش کے دوران سشانت سنگھ کو ڈرگز کا عادی بنانے کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔

اس سلسلے میں جب ریا چکرورتی سے پوچھ گچھ کی گئی تو انھوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ سشانت سنگھ کو منشیات فراہم کرتی تھیں۔

تازہ ترین