بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے منشیات سے متعلق الزامات پر آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی سابقہ دوست ریا چکرورتی کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوشانت کی خودکشی کے کیس میں منشیات سے متعلق الزامات پر ان سے گزشتہ 3 روز سے پوچھ گچھ جاری تھی۔
اس حوالے سے بیورو کا کہنا ہے کہ وہ آن لائن سماعت کے دوران ریا کی گرفتاری ظاہر نہیں کرے گی، تاہم اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے پاس اداکارہ کے خلاف ثبوت موجود ہیں، عدالت ان کی ضمانت کا فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت 13 جون کو ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
سوشانت کی خودکشی کے معاملے میں پولیس نے آنجہانی اداکار کے رشتہ داروں، دوستوں اور پڑوسیوں سے اور آخری لمحات میں ان کے ساتھ رہنے والوں سے پوچھ گچھ کی۔
پولیس کی اس تفتیش کے دوران سشانت سنگھ کو ڈرگز کا عادی بنانے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔
تاہم اب میڈیا رپورٹس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ریا چکرورتی نے اعتراف کیا کہ وہ سشانت سنگھ کو منشیات فراہم کرتی تھیں۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس اعتراف کے بعد ریا چکرورتی کو گرفتار کرلیا جبکہ انہیں میڈیکل ایگزامینیشن کے لیے بھی لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کی جانب سے 28 سالہ اداکارہ پر سشانت سنگھ راجپوت کے قتل کا الزام عائد کیا گیا۔
ادھر نارکوٹکس بیورو کے سامنے سشانت سنگھ کی سابق دوست ریا چکرورتی نے پہلی مرتبہ اعتراف کیا تھا کہ وہ اداکار کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا تھا کہ سشانت سنگھ منشیات کے عادی تھے اور وہ بعض مرتبہ فلم کی شوٹنگ پر بھی منشیات منگواتے تھے اور کئی مرتبہ وہ شوٹنگ پر منشیات ساتھ لے جاتے تھے۔
ریا چکرورتی نے یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ ان کے بھائی دوسرے منشیات فروشوں سے نشہ خریدتے تھے اور وہ بھی ان منشیات فروشوں سے مل چکی ہیں۔
تاہم اداکارہ نے ان الزامات کو مسترد کیا کہ وہ خود بھی منشیات استعمال کرتی رہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ وہ سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں تاہم انہوں نے خود کبھی منشیات استعمال نہیں کی، البتہ وہ سگریٹ نوشی کرتی ہیں۔