• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سب کا ہے مگر کراچی کا کوئی نہیں، مراد سعید


وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے  کہ کراچی سب کا ہے، مگر کراچی کا کوئی نہیں ہے، وزیر اعظم نے کراچی کو سب سے بڑا پیکج دیا، کراچی کو سہارا دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ہے، باقی تمام صوبوں کی طرح کراچی کی ترقی، ہم ایسا کراچی دینا چاہتے ہیں جب بارش آئے گی تو گھروں میں پانی نہیں آئیگا، این ڈی ایم اے کو وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سندھ میں نقصانات کا تخمینہ لگائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج کا کوئی نظام نہیں ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ہر چیز میں پیسا مانگتی ہے، آج بلاول نے ابو زرداری کے گاڑیوں کے کیس کے لیے پریس کانفرنس کی۔

مراد سعید نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو وہ لوگ ہیں جو سیلاب زدگان کا ہار تک نہیں چھوڑتے، یہ لوگ چینی کی سبسڈی اور اسپتالوں کی ادویات تک نہیں چھوڑتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کو ڈر ہے اگر کراچی میں کچرے کا صفایا ہوگیا تو ان کا بھی صفایا نا ہوجائے، ہر  پیسے کو فیک اکاؤنٹ کی نذر نا کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ ہونے سے کراچی کے لوگوں کو مسائل ہیں، کراچی کی ترقی کو مزید زرداری لیگ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، اب کراچی میں ترقی ہوگی، سڑکیں بنیں گی، وفاق یہ سب کراچی میں کرے گا۔

مراد سعید نے کہا کہ جب کراچی میں بارش آئی تب بلاول غائب ہوگئے، جبکہ خیبر پختونخوا میں بارشوں کے بعد بجلی فوراً بحال کی گئی اور جو سڑکیں بند ہوگئی تھیں ان کو فوراً کھولنے کے لیے کام کیا گیا۔

تازہ ترین