اسلام آباد (مہتاب حیدر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ مرکز ان ذمہ داریوں کو بوجھ اٹھاتا رہے گا جو کہ 18ویں آئینی ترمیم کے نفاذ اور 7ویں این ایف سی ایوارڈ سے قبل اس پر عائد تھی، حالاں کہ وسائل کا بڑا حصہ صوبوں کو منتقل کیاجارہا ہے۔ اسد عمر نے دی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کی آمدنی تقسیم پر تفصیلی بحث کی ضرورت ہے ۔آمدنی کا بڑا حصہ لینے کے بعد صوبے مکمل ذمہ داریاں اٹھائیں۔ جب کہ دوسری جانب بلاول زرداری مرکز سے دوبارہ مطالبہ کررہے ہیں کہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید مالی معاونت کرے۔ اس لیے سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب یہ ذمہ داری آپ کی ہے تو آپ یہ ذمہ داری ادا کیوں نہیں کررہے؟. ان کا کہنا تھا کہ وفاق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا کیوں کہ یہ چاروں صوبے کا معاملہ ہے کسی ایک صوبے سے متعلق نہیں ہے۔ وفاق این ایچ سی ڈی، صحت اور انسانی ترقی کے منصوبوں کی مالی معاونت کرے گا۔