پیشہ ورانہ زندگی میں بھی کچھ اصول اور اخلاقیات ہوتے ہیں، جن پر عمل پیرا ہوکر آپ کو زیادہ بہتر اور قابل اعتماد شخص بننے میں مدد ملتی ہے۔ ویسے بھی اخلاقیات کا مظاہرہ صرف کمپنی یا گھر میں ہی نہیں کرنا چاہئے بلکہ یہ آپ کی شخصیت کا حصہ ہونا چاہئے، چاہے آپ کسی کمپنی ملازم ہوں یا پھر طالب علم۔
اخلاقیات میں متعدد خصوصیات شامل ہیں اور آپ یقیناً اپنی کاوشوں سے ضرور ان کے مالک بن سکتے ہیں۔ ان خصوصیات میں سب سے اہم ذمہ داری کا احساس ہونا ہے، جو آپ کو اپنے ادارے میں معزز رکھتاہے ۔ آپ کو اپنی محنت، مستقل مزاجی اور واضح اہداف کے حصول سے اپنے مالکان یا مینجمنٹ کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا۔ پانچ نکات آپ کے کام کی اخلاقیات (Work Ethics) کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
دن کا بھرپور آغاز
آپ یہ سوچ سکتے ہیں کہ رات گئے تک کام کرنے سے آپ اپنے اہداف حاصل کرلیں گے، لیکن اس سے زیادہ اہم چیز جو آپ کو یاد رکھنی ہے، وہ ہے صبح سویرے اٹھنا اور اپنے اہم کام انجام دینا کیونکہ دن کے ابتد ا ہی سے جو لوگ کام کاج پر لگ جاتے ہیں وہی کامیاب ہوتے ہیں۔ اگر آپ رات کو دیر تک جاگنے، کام کرنے، جشن منانے یا فلمیں دیکھنے کے عادی ہیں تو آپ کے لیے صبح سویرے اٹھنا مشکل ہوجائے گا۔ اسی لیے کہا جاتاہے کہ صبح جلد اٹھنا کمال نہیں بلکہ رات کو جلد سونا کمال کی بات ہوتی ہے۔
دن کا مناسب آغاز اس بات کو یقینی بنائے گا کہ آپ کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو اور آپ ذہنی طور پر چاق و چوبند رہیں۔ لہٰذا صبح جاگنے کے بعد سستی کامظاہرہ نہ کریں اور الارم بجتے ہی اٹھ جائیں۔ پھر کچھ ورزش کریں، کافی یا چائے پئیں اور دن سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اگر آپ کو کوئی اہم کام کرنا ہے یا ذمہ داریوں کو نبھانا ہے تو اس کی دن میں منصوبہ بندی کریں یا ایک رات قبل ہی ا س کے بارے میں سوچ کر سوئیں۔ ایسا کرنے سے آپ کو صبح جلداٹھنے کی ترغیب ملے گی۔
واضح اہداف طے کرنا
اگر آپ نہیں جانتے کہ آپ کس کے لئے کام کر رہے ہیں تو آپ کبھی بھی اپنے کام کی اخلاقی اصلاح نہیں کرسکتے۔اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے واضح مقاصد یا اہداف ہوں۔ اس طرح آپ زیادہ پرعزم اور محنتی ہوجائیں گے۔ یہ طرز عمل آئندہ رونما ہونے والی چیزوں سے نمٹنے میں بھی مدد کرتاہے۔ بعض اوقات لوگ خود کو آگے بڑھانے کے بجائے محدود کرلیتے ہیں۔ اگر آپ زیادہ متحرک نہیں ہیں تو بس اپنے آس پاس کے لوگوں پر نگاہ ڈالیں ،ممکن ہے کہ متحرک ہونے سےانھیں ملنے والی کامیابیاں آپ کو بھی ترغیب دیں۔
ہر سیکنڈ کا استعمال
آج کے کاموں کو آج ہی ختم ہونا چاہئے۔ اگر آپ ایسا کرسکتے ہیں تو پھر کام کو کبھی نامکمل نہ چھوڑیں۔ تاخیری حربے آپ کے بدترین دشمن ہیں۔ سوشل میڈیا پر کم سے کم وقت صرف کریں اور ٹی وی سے دور رہیں، اس طرح آپ اپنی ملازمت پر بہتر طریقے سے توجہ مرکوز کرسکتے ہیں۔ دن کے ہر سیکنڈ کو ایک عظیم مقصد کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ایک بھرپورشیڈول بنائیں اور اس پر سختی سے کاربند رہیں۔ کام کرنے والے گھنٹوں میں خاص طورپر توجہ مرکوز کریں۔
وقت کی پابندی
وقت پرہر کام کرنا آپ کی سب سے بڑی خوبی ہونی چاہیے۔ ذرا تصور کریں کہ آپ کو ملازمت کے حصول کیلئے انٹرویو دینے جانا ہے اور آپ دیر سے پہنچیں تو اس کا مطلب ہے کہ کمپنی والےآپ کو ملازمت کیلئے زیر غور نہیں لائیں گے کیونکہ آپ کے دیر سے پہنچنے کی روش اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ آپ ذمہ داراور قابل اعتماد کارکن نہیں ہوں گے۔
ہر کمپنی کام کے عمدہ اخلاقیات کی تعریف کرتی ہے۔ لہٰذا بہتر یہ ہے کہ آپ انٹرویو کے مقررہ وقت سے 10سے15منٹ پہلے ہی پہنچ جائیں۔ یہی چیز کالج، دوستوں اور آپ کے ساتھ ہونے والی ہر دوسری ملاقات پر بھی لاگو ہوتی ہے۔ آپ زندگی بھر اس پر عمل کرسکتے ہیں اور بالآخر ایسے انسان بن سکتے ہیں جو ہمیشہ وقت کی پابندی کرتا ہے۔ وقت کی پابندی کسی بھی شخص کی زندگی میں نظم و ضبط لے آتی ہے۔
غلطیوں سے سیکھیں
انسا خطا کا پتلا ہے اور اس سے غلطیاں سرزد ہوتی رہتی ہیں۔ سب سے پہلے تو غلطی ہوجانے پر اسے تسلیم کریں اور آئندہ وہی غلطی نہ دہرانے کا وعدہ یا ارادہ کریں، ساتھ ہی غلطیوں سے سیکھیں اور کوشش کریں کہ وہ آپ کے جوش و جذبے کو کم نہ پڑنے دیں۔ پیشہ ورانہ زندگی میں آپ کو بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا اور آپ ان کو پورا کرنے کےدوران بھی غلطیاں کریں گے۔
اگر آپ اپنی کام کی اخلاقیات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو آپ کو بہتر ملازم بننا ہوگا۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ غلطیاں کم سے کم ہوں اور ان کا آپ کی کارکردگی پر منفی اثر نہ پڑے۔