• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی میں بچہ تبدیل کردیا گیا


راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو اسپتال میں والدین کو اصل بچے کی جگہ انتقال شدہ بچہ تھمادیا گیا۔ تدفین کے وقت بچے کے ہاتھ میں کڑا دیکھ کر حقیقت کھلی، تحقیقات کے بعد اسپتال انتظامیہ نے والدین کو اصل بچہ واپس کر دیا۔ 

راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال کے شعبہ اطفال میں بچہ تبدیل ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعجاز اور اس کی اہلیہ 3 دن کے بچے کو حویلیاں سے بینظیر اسپتال لائے تھے، شعبہ پیڈز کے ڈاکٹر نے بچے کو ہیپاٹائٹس کا مریض بتا کر ایمرجنسی میں داخل کردیا، جس کے کچھ دیر بعد خون سے لت پت مردہ بچے کی لاش اہلخانہ کو دے کر اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

اعجاز اور اس کی اہلیہ نے بچے کی تدفین حویلیاں میں کردی، بچے کا کڑا چیک کیا گیا تو اس پر بچے کی والدہ کے بجائے کسی اور خاتون کا نام تھا، جس کے بعد بچے کے والدین نے اسپتال پہنچ کر احتجاج کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے تحقیقات کیں تو پتا چلا بچہ تبدیل ہوگیا ہے، اسپتال انتظامیہ نے 24 گھنٹے بعد والدین کو اُن کا بچہ حوالے کر دیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچے کی اس تبدیلی اور اس میں ہونے والی غفلت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

تازہ ترین