پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے پر زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کے باپ اور دوسرے بھائی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عابد کے باپ اکبر اور بھائی قاسم کو مانگا منڈی سے حراست میں لیا گیا ہے، قاسم ٹھوکر چوک میں پھلوں کی ریڑھی لگاتا ہے اور مانگا منڈی علی ٹاؤن کا رہائشی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عابد کی بیٹی اور ایک بھائی پہلے ہی زیرِ حراست ہیں، جبکہ ملزمان کے اہل خانہ سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم عابد کا ایک بھائی پہلے ہی زیرِ حراست ہے۔
وقار الحسن سے مرکزی ملزم عابدکےٹھکانوں کی بازپرس
دوسری جانب موٹر وے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے گرفتار ملزم وقار الحسن سے مرکزی ملزم عابد کے ٹھکانوں کی باز پُرس جاری ہے، ملزم سے اس کے برادرنسبتی عباس سے متعلق پوچھ گچھ بھی جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم وقارالحسن سے تفتیش میں سی سی پی او لاہور عمر شیخ شامل ہیں، جبکہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، شہزادہ سلطان بھی تفتیشی ٹیم میں شامل ہیں اور ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار بھی تفتیشی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی حسنین حیدر بھی تفتیش کرنے والوں میں شامل ہیں۔
ملزم وقار نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ بے گناہ ہوں، میرے نام پر دو سم رجسٹرڈ ہیں، جس میں سے ایک سم عباس کے استعمال میں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کو لے کر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس پہنچ گئی، جبکہ ایک وکیل نے سی آئی اے دفتر آ کر وقار الحسن کی گرفتاری کا عمل مکمل کروایا۔