• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ ایل او سی سے بھارتی مورچے ختم کرائے، جاوید شاہ

 وٹفورڈ(نمائندہ جنگ)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ برانچ کے صدر سید جاوید احمد شاہ نے رہنماؤں سے خطاب میں سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی اور نہتے معصوم لوگوں پرمسلسل بلاجواز فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوتریس سے مطالبہ کیا کہ سیز فائر لائن سے بھارتی فوج کےمورچوں کو پیچھے ہٹایا جا ئے جہاں سے بھارتی فوج شہری آبادیوں پر فائرنگ کرتی ہے۔جاوید احمد شاہ نے کہا کہ اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان خالی ہونے والے مورچوں پر امن آرمی تعینات کرنے کے لئے اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل میں شامل رکن ممالک ٹھوس اقدامات کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیز فائر لائن پر یو این کے فوجی آبزرورز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، جس طرح سوڈان میں 25ہزار سے زائد امن آرمی تعینات ہے جبکہ اقوام متحدہ نےکشمیر میں بھارتی فوج کی 9 لاکھ فوج کے مقابلے میں محدود آبزرورز تعینات کر رکھے ہیں جو حقائق کے منافی ہے۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ برانچ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد سعید نے کہا کہ پاکستان متعدد بار اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمشنر کو جنگ بندی لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سےآگاہ اور احتجاج کرچکا ہے لیکن بھارت نے ایل اوسی پر فائرنگ کا سلسلہ بندنہیں کیا ، انہوںنےمطالبہ کیا کہ بھارتی فوج کو اگلے مورچوں سے پیچھے ہٹایا جائے۔چوہدری محمد سعید نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ایک روڈ میپ طے کرنے کے لیے اقوام متحدہ پر دباؤ بڑھا ئیں ، اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل چھ کے تحت بھارت کی رکنیت منسوخ کرنے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو روڈ میپ کے ساتھ مشروط کیا جائے، اقوام متحدہ دونوں ممالک پر دباؤ ڈالے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو ایک سال کے اندر حل کریں، اگر بھارتی حکومت تعاون نہیں کرتی، اس کی سزا کشمیری عوام کو نہ دی جائے ۔ اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے اپنے اختیارات استعمال کرے۔ حق خودارادیت کے نام پر کشمیر ی عواکو یرغمال نہ بنایا جائے، چوہدری محمد سعید نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کو پاکستانی وفد میں شامل کیا جائے تاکہ وہ کشمیر ی عوام کا موقف پیش کر سکیں، 1947 میں سا بق صدر آزاد کشمیر سردار ابراہیم نے اقوام متحدہ میں کشمیر ی عوام کی نمائندگی کی تھی۔اسی طرح کے خیالات کا اظہار چوہدری محمد رفیق ،چوہدری صدیق و دیگر نے بھی کیا ۔ 

تازہ ترین