لاہور(نمائندہ جنگ)منی لانڈرنگ کیس‘ میں شہباز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوگئے اور احتساب عدالت لاہور نے مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی اہلیہ،بیٹے، بیٹی اور داماد کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں، احتساب عدالت نے عدم حاضری پر نصرت شہباز، رابعہ عمران کے قابل ضمانت اور ہارون یوسف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے، حمزہ شہباز اور جویریہ علی کی حاضری سے 1روزہ استثنیٰ کی درخواست منظور، سلمان شہباز کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم ۔احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کیس کی سماعت احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے کی۔ پیش نہ ہونے پر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹی رابعہ عمران کے قابل ضمانت جبکہ داماد ہارون یوسف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ احتساب عدالت کی جانب سے دونوں خواتین کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے،عدالت نے کیس میں سلمان شہباز کے جاری کردہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا ۔ دوسری جانب منی لانڈرنگ کیس میں شریک ملزم احمد علی اور طاہر نقوی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔نیب کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری وزرات خارجہ کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔احتساب عدالت لاہور نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز اور ان کے اہلخانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 29ستمبر تک ملتوی کر دی۔