• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہاں عورتوں کیساتھ کھڑے ہونے والے مرد بھی ہیں، اقرا عزیز

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور خوبرو اداکارہ اقرا عزیز کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ایسے مرد بھی موجود ہیں جو عورتوں کی حفاظت کرتے ہیں اور اُن کا ساتھ دیتے ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اقرا عزیز نے اپنے شوہر یاسر حسین کی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اداکار ملک میں جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے پوسٹر بناتے نظر آرہے ہیں۔


اقرا عزیز کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں یاسر حسین نے جو پوسٹر بنائے وہ کچھ اِس طرح کے تھے:

  • ’Stop Rape‘ یعنی جنسی زیادتی کو روکا جائے۔
  • ’مردوں مرد بنو‘

اداکارہ نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں فخریہ انداز میں لکھا کہ ’مجھے یہ دیکھ کر یاسر حسین پر فخر محسوس ہو رہا ہے کہ اُنہوں نے اِس پُرامن احتجاج کے لیے پہل کی اور پھر ایک طویل برادری کو جنسی زیادتی کے خلاف آواز اُٹھانے کے لیے اکٹھا کیا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’یاسر کی اس جدوجہد کو دیکھ کر میں اب بھی اِس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ہمارے پاس عورتوں کے ساتھ کھڑے ہونے والے اور اُن کی حفاظت کرنے والے مرد بھی موجود ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پریس کلب کے باہر سماجی کارکنوں سمیت شوبز فنکاروں کی ایک بڑی تعداد نے جنسی زیادتی کی روک تھام کے لیے کیے گئے پُرامن احتجاج میں شرکت کی تھی۔

فنکاروں کا کہنا تھا کہ ریپ عورت کی نہیں بلکہ معاشرے اور نظام کی بے عزتی ہے، اس لیے عورت کو غیرت جیسی نام نہاد اصطلاحوں میں قید مت کرو کیونکہ وہ سب سے بڑھ کر ایک انسان ہے۔

تازہ ترین