• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرہ نے اپنا پسندیدہ ڈائیلاگ شیئر کر دیا

پاکستان ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی فلم ’ورنہ‘ کا پسندیدہ ڈائلاگ شیئر کردیا۔

ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 2017 میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ’ورنہ‘ کے اپنے پسندیدہ مکالمے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسلام عزت دیتا ہے عورت کو، مسلمان نہیں دیتا۔‘


انہوں نے مزید کہا کہ یہ بول میرے دل کے بہت قریب ہیں جو کہ ہمارے موجودہ معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں ہارون شاہد اور شعیب منصور کو ٹیگ بھی کیا۔

خیال رہے کہ شعیب منصور کی فلم ورنہ خواتین کے ساتھ زیادتی، نا انصافی اور ان کو ہراساں کرنے کے واقعات کے گرد گھومتی ہے اور اس میں حکومت کی خواتین کے حقوق پر عدم توجہ کو بھی دکھایا گیا ہے۔

فلم کی ریلیز سے قبل شعیب منصور نے ’ورنہ‘ کے حوالے سے فیس بک پر ایک طویل پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’ریپ پاکستان میں ہونے والے سنگین جرائم میں سے ایک ہے اگرچہ خواتین نے ایک تحریک کے ذریعے قانون دانوں اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کوششیں کی ہیں مگر اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اب بھی معاشرے سوچ ایک بڑا چیلنج ہے۔‘

شعیب منصور نے پاکستان ہیومن رائٹس کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا تھا کہ پاکستان میں ہر دو گھنٹے میں کوئی نا کوئی خاتون ریپ کا نشانہ بنتی ہے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ یہ دکھانے کی ضرورت ہے کہ کس طرح معاشرے میں طاقتور ریپ کو کمزور کی تذلیل اور اس کے دل میں خوف پیدا کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

تازہ ترین