لاہور میں موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے واقعے پر فنکار بھی برہم دکھائی دے رہے ہیں اور اپنے پیغامات میں وزیر اعظم عمران خان سے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
انسانیت سوز واقعے پر شوبز فنکاروں نے بھی خاتون سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اپنا ردعمل دیا ہے۔
اداکارہ سجل علی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اظہار برہمی کیا اور لکھا کہ ہمیں ہمیشہ احتجاج کی ضرورت کیوں پڑتی ہے، یہاں کب تک ایسا ہوتا رہے گا؟اس کا جواب کون دے گا؟
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ملزمان کو سرعام پھانسی دی جانی چاہئے اور ایسے انسانیت سوز واقعات کا معاشرے سے خاتمہ ہونا چاہئے۔
اداکار اعجاز اسلم نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آپ کو ان ملزمان کو سرِ عام پھانسی دے کر مثال قائم کرنی ہوگی۔
گلوکار عاصم اظہر نے اپنی ٹویٹ میں ’زیادتی کرنے والوں کو سرِ عام پھانسی دو‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا۔
اداکارہ منشا پاشا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پہلا جرم زیادتی کرنے والوں نے کیا، دوسرا جرم وہ لوگ کررہے ہیں جو عورت کو مورد الزام قرار دے رہے ہیں، تیسرے جرم کے مرتکب افراد وہ افسران ہیں جو کچھ نہیں کرتے ہیں اور چوتھے وہ لوگ ہیں جو اس ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند نہیں کررہے۔
اداکار فیروز خان نے اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ آپ کے بیان کی تائید کرتا رہوں گا کہ پاکستان ضرور ریاستِ مدینہ بنے گا لیکن اگر آپ بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی اور بچوں کا قتل کرنے والے ملزمان کو سرعام پھانسی نہیں دیں گے تو کبھی بھی کچھ نہیں بدلے گا۔ اس ضمن میں آپ کو دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کرنی ہوگی اور یہی میرا مطالبہ ہے۔
زارا نور عباس نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ہر دوسرے دن کوئی نہ کوئی زیادتی کا نشانہ بنتا ہے، اس کے بعد یہاں ٹوئٹر پر ایک ہیش ٹیگ بنایا جاتا ہے وہ ٹرینڈ کرتا ہے اور بات آئی گئی ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کب تک ہوتا رہے گا اب اس سے بڑھ کر کچھ اہم فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
عدنان صدیقی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ہم بحیثیت قوم خواتین کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔
اداکار احسن خان نے لکھا کہ ’عورت کی عزت اور بچوں کی معصومیت کو کچلنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔‘
معروف اداکارہ اور میزبان جگن کاظم نے لکھا کہ ’غصہ اور برہمی اس واقعے پر ردعمل دینے کیلئے کافی نہیں، پاکستان میں خواتین کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدامات کی ضرورت ہے۔‘
واضح رہے گوجرانوالہ کی رہائشی ثنا نامی خاتون کے ساتھ افسوس ناک واقعہ رو نما ہوا، ثنا کا لاہور موٹر وے پر گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا۔
اس دوران ملزمان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کو زدوکوب کیا اور گاڑی کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔