• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہائی مطلوب عابد گرفتار نہ ہوسکا، شفقت کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ

انتہائی مطلوب عابد گرفتار نہ ہوسکا، شفقت کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ 


لاہور(جنگ نیوز) لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے موٹر وے پر خاتون سے زیادتی میں ملوث ملزم شفقت کا 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ دے دیا،دوسری جانب موسٹ وانٹڈ ملزم عابد اب تک گرفتار نہ ہوسکاہے، ادھر موٹروے زیادتی کیس میں مرکزی ملزم عابد اور شفقت کے تیسرے مبینہ ساتھی بالا مستری کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کاکہناہےکہ تینوں ملزمان مل کر وارداتیں کرتے تھے۔ تفصیلات کےمطابق ملزم شفقت کو صبح لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کر دی تھیں۔

پولیس کی جانب سے درج مقدمے میں اس سے قبل دفعات 376 اور 392 لگائی گئی تھیں، موٹر وے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ متاثرہ خاتون کے عزیز سردار شہزاد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق شفقت کو وقار الحسن کے بیان کی روشنی میں حراست میں لیا گیا ہے، شفقت مرکزی ملزم عابد کا ساتھی بتایا جا رہا ہے۔دوسری جانب زیادتی کیس میں موسٹ وانٹڈ ملزم عابد تاحال پولیس کی گرفت میں نہ آسکا اور اب تک آزاد ہے۔ 

ادھر پولیس کے مطابق تیسرے ملزم بالا مستری کو چیچہ وطنی میں کارروائی کرکے حراست میں لیا گیا ہے،پولیس کا کہنا ہےکہ بالا مستری بھی مرکزی ملزم عابد کے ساتھ مختلف وارداتوں میں شریک رہا ہے، ملزم شفقت، عابد اور بالا مستری نے مل کر تقریباً 11 وارداتیں کیں۔

تازہ ترین