• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلستان کالونی عمارت گرنے کا واقعہ، متاثرہ مکان مالک گرفتار

کراچی (اعظم علی/نمائندہ خصوصی) لیاری کے علاقے گلستان کالونی میں مکان گرنے کے بعد تاحال متاثرین کی کوئی امداد نہیں کی جاسکی ، واقعے میں دو مزدور جاں بحق اور 10زخمی ہوگئے تھے ، جاں بحق افراد کی میتوں کو اہل محلہ اور مخیر حضرات نے چندہ کرکے آبائی گائوں بھجوایاتاہم حکومت کی جانب سے بھی ان کی تاحال کوئی مدد نہیں کی جاسکی ہے اور زخمی بھی سول اسپتال میں علا ج کیلئے رل رہے ہیں ، جبکہ ایس ایس پی سٹی مقدص حیدر کا کہنا تھا کہ بلڈنگ ٹھیکیدار کی غفلت سے گری ہے ان کے خلاف کارروائی ہوگی ، دوسری طرف سی سی پی او آفس کراچی نے بھی واقع کی تحقیقات شروع کردی ہے، واقعات کے مطابق بلڈر اور ٹھیکدار کی غفلت سے گرنے والے مکان میں 200مزدور رہائش پذیر تھے ، پولیس نے متاثرہ مکان مالک اور رپورٹ کے لئے تھانے جانے والے محمد جان ہی کو گرفتار کرلیا ہے ، محمد جان کے قریبی رشتہ داروں نے بتایا کہ واقعے کے بعد جب محمد جان تھانے میں درخواست لیکر پہنچا تو پولیس نے اسے ہی ایف آئی آر میں نامزد کرکے گرفتار کرلیا جبکہ بلڈنگ تعمیر کروانے والے ٹھیکیدار مرجان، رمضان اور فاروق اب بھی آزاد ہیں ، ذرائع کے مطابق مرجان کا نام ایف آئی آر میں درج ہونے کے باوجود پولیس اسے گرفتار کرنے سے گریزاں ہیں اور وہاں کام کرنے والے مزدور عبید کو پھنسایا جارہا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ عبید خود مزدوروں سے کام لے رہا تھا اور مزدوری کرتا ہے تاہم ٹھیکیدار پولیس کی ملی بھگت سے تمام ملبہ اسی پر ڈال کر اپنی جان چھڑا رہے ہیں ، عینی شاہدین کے مطابق جس وقت شیول چلایا جارہا تھا اس وقت بھی مزدوراور اہل محلہ ٹھیکدار کو منع کررہے تھے تاہم وہ کسی کی نہیں سن رہا تھا اور اس کی غفلت کی وجہ سے نہ صرف دو جانیں ضائع ہوگئیں بلکہ 200مزدوروں کا آشیانہ بھی ملبے کا ڈھیر بن گیا ، عریں اثناء گرنے والے مکان کے مالک محمد جان کے رشتہ داروں نے بتایا کہ ان کا مکان بالکل درست حالت میںتھا جس کا ثبوت یہ ہے کہ مکان میں موجود اوپر کے دو کمرے اب بھی اپنی درست حالت میں موجود ہیں اس حوالے سے ایم پی اے سید عبدالرشید نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انہوں نے کئی بار غیر قانونی تعمیرات کیخلاف اسمبلی میں بھی آواز اٹھائی ہے ۔اس سلسلے میں تھانہ چاکیواڑا کے اہلکاروں کا کہنا تھا کہ اس کیس میں صرف افسران بات کرسکتے ہیں جبکہ اعلیٰ حکام نےاپنا موقف دینے سے گریز کیا ۔ 

تازہ ترین