• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، ارکان کے شکوے شکایتیں

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں حکومتی اراکین نے حلقوں کے مسائل حل نہ ہونے پر شکایتوں کے انبار لگادیئے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کیلئےFATF بلز منظور کرانا ہے، اپوزیشن اپنے لیڈرز کی کرپشن بچانے کیلئے مخالفت کررہی ہے۔

پارٹی ارکان نے مطالبہ کیا کہ مسائل حل کیلئےکسی کے پاس ٹائم نہیں ، مہنگائی سے عوام کا جینا محال ،لالی پوپ نہیں ترقیاتی فنڈز چاہئیں، وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف اوراتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مشترکہ اجلاس سے قبل پا ر لیمنٹ ہا ئوس میں ہوا۔ 

ذرا ئع کے مطا بق اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ نے حلقوں سے متعلق مسائل پر گفتگو کی اور شکوہ کیا کہ وفاقی وزیروں کے پاس عوامی مسائل سُننے کا وقت نہیں۔آج تک جو بھی وعدے کئے گئے ایک بھی پورا نہیں ہوا،ووٹرز نئے پاکستان کا سوال کرتے ہیں،مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا،لالی پوپ نہیں ترقیاتی فنڈز چاہئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن پاکستان کے مفاد کے بجائے اپنے مفاد کا سوچ رہی ہے ۔ہم کسی صورت ان سے بلیک میل ہوں گے نہ ہی ان کو این آر او دیں گے ۔ارکان آج کے اجلاس کی اہمیت کو سمجھیں ہم نے پاکستان کے لیے فیٹف بلز کوہر صورت منظور کرانا ہے،تمام ارکان مشترکہ اجلاس میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

ایوان میں جب ہماری ضرورت پڑتی ہے تو وزراء آگے پیچھے گھومنا شروع کر دیتے ہیں انہی دنوں میں وزیر اعظم سے بھی ملاقات ہو جاتی ہے اور جب ہم مسائل کے حل کیلئے بات کرتے ہیں تو کسی کے پاس ٹائم نہیں ہوتا۔مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔

تازہ ترین