پشاور( وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ پشاور نے چارسدہ روڈ پر کاروائی کر تے ہوئے سرکاری زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کروا لیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ڈاکٹر احتشام الحق نے چارسدہ روڈ پر اسامہ احمد وڑائچ فلائی اوور کے قریب سرکاری زمین پر قائم تجاوزات کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔کاروائی کے دوران 2کنال 8مرلے سرکاری زمین پر قائم تجاوزات کو بھاری مشینری کے زریعے ہٹا دیا گیا۔ قبضہ مافیا سے واگزار کی گئی سرکاری زمین کی قیمت کڑوڑوں میں ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرکے مطابق پشاور کے تمام علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔اور دوبارہ تجاوزات قا ئم کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔