• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کی مُسکراہٹ میرا بہترین علاج ہے، نادیہ جمیل


بریسٹ کینسر کو شکست دینے والی پاکستان کی معروف اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ کوئی بھی کینسر اتنا مضبوط نہیں جو اُنہیں بچوں کی محبت سے دور رکھ سکے، انہوں نے بچوں کی مسکراہٹ کو اپنا بہترین علاج قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر نادیہ جمیل نے ماضی کی ایک یادگار ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ بچوں کےساتھ کھیل رہی ہیں، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے اداکارہ کے ساتھ کھیلتے ہوئے بہت خوش نظر آرہے ہیں۔


نادیہ جمیل نے اپنی ویڈیو کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بچے میرا دل ہیں، میری حوصلہ افزائی ہیں اور انہی سے مجھے ہمت ملتی ہیں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’میں ہر دن ماضی کے ان خوبصورت دنوں کو یاد کرتی ہوں اور واپس ان دنوں میں جانے کی خواہش رکھتی ہوں جو میری پہچان ہیں، جہاں سے میں تعلق رکھتی ہوں۔‘

اُنہوں نے ننھے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وہ ہیں جو مجھے ہر طرح سے قبول کرتے ہیں، اگر انہیں دل سے پیار دیا جاتا ہے تو وہ بھی جواب میں دل سے محبت دیتے ہیں۔ ‘

نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’میرا مقدر ان بچوں کے ساتھ اس کمرے میں ہے، کوئی بیماری نہیں جو مجھے ان ننھے فرشتوں سے دور رکھ سکے۔‘

اداکارہ نے بچوں کی مُسکراہٹ کو ایک بہترین علاج قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’اپنی زندگی کے مشکل ترین وقت میں اِن بچوں کی خوبصورت مُسکراہٹیں میرے لیے ایک بہترین علاج ثابت ہوا ہے، کوئی بھی کینسر اتنا مضبوط نہیں ہے کہ جو ان کی مسکراہٹوں میں موجود محبت کو روک سکے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اِن بچوں کی وجہ سے مجھے تاریکی میں بھی روشنی ملتی ہے۔‘

واضح رہے کہ رواں سال موذی مرض کینسر میں مبتلا ہونے والی نادیہ جمیل نے جولائی کے مہینے میں اس جان لیوا بیماری کو شکست دی تھی جس کی اطلاع اُنہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے دی تھی۔

تازہ ترین